اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )بلوچستان کے علاقے ژوب کی گیریژن میں دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے میں 4 فوجی شہید اور 5 شدید زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آج صبح بلوچستان کے علاقے ژوب کے علاقے کینٹ میں دہشت گردوں کے ایک گروپ نے حملہ کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے مرکز میں داخل ہونے کی ابتدائی کوشش کی جسے ڈیوٹی پر موجود فوجیوں نے چیک کیا، اس دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس سے دہشت گرد ایک چھوٹے سے علاقے میں محصور ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اب تک 3 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں جب کہ سیکیورٹی فورسز کا مزید 2 دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ کلیئرنس آپریشن کے دوران 4 فوجی شہید جب کہ 5 شدید زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان اور پاکستان کے امن کو تباہ کرنے کی ایسی تمام مذموم کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
قبل ازیں ژوب کے ڈپٹی کمشنر عظیم کاکڑ کا کہنا تھا کہ نامعلوم شرپسندوں نے کینٹ پر حملہ کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فائرنگ سے ایک خاتون جاں بحق جب کہ 5 شہری زخمی ہوئے۔ حکام کے مطابق شدید زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ روانہ کیا جا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان سے آنے والی مسافر بس بھی آگ کی زد میں آ گئی۔
گزشتہ سال نومبر میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے حکومت کے ساتھ جنگ بندی کا اعلان کرنے کے بعد سے پاکستان، خاص طور پر خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔