اردو ورلڈکینیڈا ( ویب نیوز ) مسجد نبوی ؐ کی انتظامیہ نے دنیا بھر سے روضہ رسول ؐپر آنے والے زائرین کی تعداد کے بارے میں تازہ ترین اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق، اسلامی سال کے پہلے تین مہینوں میں دنیا بھر سے 1.486 ملین سے زیادہ زائرین نے مسجد نبوی اور روضہ رسول ؐ پر حاضری دی ،ان میں سب سے زیادہ تعداد انڈونیشیا سے آئی، جہاں 449،696 زائرین عمرہ ادا کرنے کے لیے مسجد نبوی گئے۔پاکستان سے 287،793 زائرین نے مسجد نبوی میںحاضری دی جب کہ ہندوستان سے 179،052، عراق سے 122،557 اور بنگلہ دیش سے 76،940 نے بھی مسجد نبوی میں حاضری دی ۔اس سال کے عمرہ کے موسم میں ان زائرین کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔مسجد نبوی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زائرین کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ وہ آرام دہ اور محفوظ ماحول میں نماز ادا کر سکیں۔انتظامیہ نے اس بات پر زور دیا کہ ان انتظامات میں مسجد نبوی جانے والے زائرین کو بہتر رہنمائی اور سہولت فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔یہ اقدام اسلامی دنیا کے مختلف خطوں سے آنے والے لاکھوں زائرین کے لیے اہم ہے، تاکہ وہ اپنا روحانی سفر بہتر طریقے سے مکمل کر سکیں اور مسجد نبوی کی برکتوں سے پوری طرح مستفید ہو سکیں۔