اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان تحریک انصاف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے اور حکومت کی جانب سے بھتہ خوری کا سلسلہ بند کیا جائے۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف عوامی ردعمل کو روکنا اب ممکن نہیں رہا۔ مجرموں کے گروہ کو اندرونی امن کو آگ لگانے اور افراتفری اور بدامنی کی راہیں ہموار کرنے کے بجائے فوری انتخابات کروا کر اقتدار منتخب حکومت کو منتقل کرنا چاہیے۔
پی ٹی آئی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ فوری واپس لیا جائے اور حکومت کی جانب سے بھتہ خوری کا سلسلہ بند کیا جائے۔ ملک کو آئین و قانون کی بجائے اپنے مقصد کے مطابق چلانے والوں کے پاس مزید تجربات کی کوئی گنجائش نہیں بچی۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں یہ تازہ اضافہ مہنگائی کی تباہ کن لہر کو مزید تیز کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ مجرموں اور احمقوں نے معیشت کا جنازہ نکال دیا ہے، نااہل اور برائے نام نگران عوام کو دفن کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ امید تھی کہ کاکڑ مجرموں کے وارث بننے کے بجائے کسی بہتر راستے کا انتخاب کریں گے لیکن نگران حکومت ہر طرح سے پی ڈی ایم کی مجرمانہ حکومت کی توسیع اور تسلسل ہے۔
پی ٹی آئی کے ترجمان کے مطابق یہ اضافہ عوام کی قوت خرید کو تباہ کرنے کے بعد ملک میں خانہ جنگی کو ہوا دینے کی سوچی سمجھی سازش لگتی ہے۔