اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)کیلگری کی 2025 کی میونسپل انتخابات میں آزاد امیدوار جیرومی فارکس غیر سرکاری طور پر میئر منتخب ہو گئے ہیں۔ سخت مقابلے کے بعد فارکس نے موجودہ میئر جیوٹی گوندک اور کمیونٹیز فرسٹ پارٹی کی امیدوار سونیا شارپ کو معمولی فرق سے شکست دی۔
انتخابی نتائج کے مطابق فارکس نے 91 ہزار 65 ووٹ حاصل کیے، سونیا شارپ 90 ہزار 480 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں، جبکہ گوندک کو 71 ہزار 397 ووٹ ملے۔ تمام 380 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج موصول ہو چکے ہیں۔
سونیا شارپ نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی باضابطہ درخواست جمع کرا دی ہے، تاہم فارکس نے اعلان کیا کہ میئر شپ کی منتقلی کا عمل شروع ہو چکا ہے۔
میئر الیکٹ جیرومی فارکس نے منگل کے روز سٹی ہال کے باہر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سٹی ہال میں نہ دایاں ہے نہ بایاں، صرف آگے بڑھنا ہے، اور وہ بھی مل کر۔ آج سے میں نئے سٹی کونسل کو متحد کرنے کا کام شروع کر رہا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب ایک ہی چیز چاہتے ہیں — محفوظ شہر، بہتر روزگار، اور زندگی گزارنے کے قابل گھریلو اخراجات۔ یہ بائیں یا دائیں بازو کی سوچ نہیں بلکہ کیلگری کی سوچ ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں :کیلگری میئر الیکشن،جیرومی فارکس کی حمایت میں اضافہ،گونڈیک دوسرے نمبر پر،سروے
فارکس نے اپنی انتخابی مہم میں مالی ذمہ داری، عوامی تحفظ اور انفراسٹرکچر اصلاحات پر زور دیا، جو شہریوں کے ایک بڑے طبقے کو متوجہ کرنے میں کامیاب رہا۔
یاد رہے کہ فارکس 2021 کے میئر الیکشن میں گوندک سے دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ اس کے بعد وہ گلن باؤ رینچ پارک فاؤنڈیشن کے سی ای او کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت سے وابستہ نہ ہونے کی وجہ سے وہ صوبائی حکومت یو سی پی کے دباؤ کے بغیر فیصلے کر سکیں گے۔
الیکشن کے دوران الیکٹرانک مشینوں کے استعمال پر پابندی کے باعث ووٹوں کی دستی گنتی کی گئی، جس سے نتائج کے اعلان میں تاخیر ہوئی۔
ابتدائی اعدادوشمار کے مطابق، ووٹنگ ٹرن آؤٹ پچھلی دو بلدیاتی انتخابات 2017 اور 2021 کے مقابلے میں کم رہا۔