ہائیڈرو کیوبیک توانائی معاہدے کا آزادانہ جائزہ جلد شروع ہوگا،نیو فاؤنڈ لینڈ اینڈ لیبراڈور کے نئے پریمیئر کا اعلان

اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)نیو فاؤنڈ لینڈ اینڈ لیبراڈور کے نئے پریمیئر ٹونی ویکہم نے اعلان کیا ہے کہ ہائیڈرو کیوبیک کے ساتھ مجوزہ توانائی معاہدے کا آزادانہ اور تفصیلی جائزہ آئندہ چند ہفتوں میں شروع کیا جائے گا۔

ویکہم نے بدھ کے روز عہدے کا حلف اٹھایا، ان کی جماعت پروگریسو کنزرویٹو پارٹی نے حالیہ صوبائی انتخابات میں تنگ مارجن سے کامیابی حاصل کی، جس کے ساتھ ہی دس سالہ لبرل حکومت کا خاتمہ ہوگیا۔

پریمیئر ویکہم نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کی نئی کابینہ آئندہ دو ہفتوں میں یہ طے کرے گی کہ جائزہ کون کرے گا اور اس کے دائرہ کار میں کیا شامل ہوگا۔
انہوں نے کہا، ’’ہم امید کرتے ہیں کہ آزادانہ جائزہ آنے والے چند ہفتوں میں شروع ہو جائے گا۔ میری اولین ترجیح نیو فاؤنڈ لینڈ اینڈ لیبراڈور کے لیے سب سے بہتر ممکنہ معاہدہ حاصل کرنا ہے۔

یہ اقدام اُس وقت سامنے آیا ہے جب سابق لبرل حکومت نے دسمبر میں توانائی معاہدے کا مسودہ پیش کیا تھا۔

ابتدائی معاہدے کے مطابق، ہائیڈرو-کیوبیک تقریباً 38 ارب ڈالر ادا کرے گی تاکہ چرچل فالس پاور اسٹیشن میں پیدا ہونے والی بجلی خریدی جا سکے۔ اس کے علاوہ، ہائیڈرو-کیوبیک کو چرچل ریور پر نئی توانائی منصوبہ بندیوں کا انتظام بھی دیا جائے گا، جو نیو فاؤنڈ لینڈ اینڈ لیبراڈور ہائیڈرو کے ساتھ مشترکہ ملکیت میں ہوں گی۔

دونوں سرکاری کمپنیاں اس وقت حتمی معاہدوں پر مذاکرات کر رہی ہیں، جنہیں اپریل 2026 تک نافذ کرنے کا ہدف ہے۔

پریمیئر ویکہم نے وعدہ کیا کہ کسی بھی حتمی معاہدے پر عوامی ریفرنڈم کرایا جائے گا، تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ جائزے یا ریفرنڈم کے باعث معاہدے کے حتمی نفاذ میں تاخیر ہو سکتی ہے یا نہیں۔

ویکہم نے بتایا کہ وہ نیو فاؤنڈ لینڈ اینڈ لیبراڈور ہائیڈرو کے نمائندوں سے ملاقات کر چکے ہیں اور آئندہ دنوں میں دوبارہ ملاقات کا ارادہ رکھتے ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ فی الحال ان کا ہائیڈرو-کیوبیک سے براہِ راست بات کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔

یہ مجوزہ معاہدہ اُس پرانے معاہدے کی جگہ لے گا جو مزید 16 سال بعد ختم ہونا تھا۔ موجودہ معاہدے کے تحت ہائیڈرو-کیوبیک انتہائی کم قیمت پر چرچل فالس سے زیادہ تر بجلی خریدتی ہے — ایک ایسا معاہدہ جو نیو فاؤنڈ لینڈ اینڈ لیبراڈور کے عوام میں طویل عرصے سے بداعتمادی کا سبب رہا ہے۔

سابق لبرل رہنما جان ہوگن، جو حالیہ انتخابات سے قبل تقریباً چار ماہ تک پریمیئر رہے، نے مجوزہ معاہدے کی بھرپور حمایت کی تھی۔ انہوں نے کہا پریمیئر ٹونی ویکہم کو ہائیڈرو-کیوبیک کے ساتھ فوراً مذاکرات شروع کرنے چاہئیں۔‘‘

ہوگن نے مزید کہا کہ ویکہم کو عوام اور ہائیڈرو-کیوبیک دونوں کے سامنے یہ واضح کرنا ہوگا کہ وہ جائزے اور ریفرنڈم کے حوالے سے کیا مؤقف رکھتے ہیں، کیونکہ ممکن ہے ہائیڈرو-کیوبیک ایسے معاہدے پر بات چیت جاری نہ رکھے جو ویکہم منظور کر لیں مگر بعد میں عوام مسترد کر دیں۔

انہوں نے کہا کیوبیک کے پاس اپنی توانائی کے مستقبل میں سرمایہ کاری کے لیے تقریباً 225 ارب ڈالر دستیاب ہیں۔ یہ رقم یا تو یہاں خرچ ہوگی یا پھر کہیں اور۔

پریمیئر ٹونی ویکہم نے آخر میں دوٹوک انداز میں کہا کہ ان کا مقصد واضح ہے — نیو فاؤنڈ لینڈ اینڈ لیبراڈور کے عوام کے لیے سب سے منصفانہ اور مضبوط توانائی معاہدہ حاصل کرنا۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔