اردو ورلڈ کینیڈا(ویب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ مسئلۂ کشمیر کے حل کے بغیر پاکستان اور بھارت کے درمیان کسی بھی قسم کے تعلقات یا مذاکرات کا امکان نہیں ہے۔
اوورسیز کنونشن سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جو کوئی یہ سوچتا ہے کہ کشمیر کے بغیر پاک-بھارت تعلقات قائم ہو سکتے ہیں، وہ "احمقوں کی جنت میں رہتا ہے”۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ آپریشن "بنیان مرصوص” میں حاصل ہونے والی کامیابی نے پاکستان کی بین الاقوامی ساکھ میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے برطانوی پاکستانی برادری کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کی معیشت میں معاونت ناقابلِ فراموش ہے اور اس سال انہوں نے پاکستان کو ساڑھے 38 ارب ڈالر بھیجے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ برطانیہ اور دیگر ممالک میں مقیم پاکستانی ملک کی ترقی اور استحکام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور حکومت ان کے حقوق اور تحفظ کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان عالمی فورمز پر اپنے موقف کو بھرپور انداز میں پیش کرتا رہے گا۔
وزیراعظم آج لندن سے امریکہ روانہ ہوں گے جہاں وہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے اور متعدد اہم دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔