اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) مودی حکومت نے طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے کے 9 ماہ بعد جنرل بپن راوت کے جانشین کا انتخاب کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 61 سالہ ریٹائرڈ آرمی آفیسر لیفٹیننٹ جنرل انیل چوہان کو ملک کا نیا چیف آف ڈیفنس اسٹاف مقرر کر دیا گیا ہے۔ یہ ملک کی سب سے بڑی فوجی پوسٹ ہے جسے مودی حکومت نے بنایا ہے۔
جنرل بپن راوت کے آرمی چیف کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے یکم جنوری 2020 کو جنرل بپن راوت کو چیف آف ڈیفنس اسٹاف مقرر کیا۔
اپوزیشن اور ناقدین نے اس عہدے کی تخلیق پر اعتراضات اٹھائے تھے۔ اپوزیشن لیڈروں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے یہ عہدہ اپنے دوست بپن راوت کو ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد بھی نوازنے کے لیے بنایا ہے۔
دسمبر 2021 میں عہدہ سنبھالنے کے دو سال بعد جنرل بپن راوت ایک طیارہ حادثے میں اپنے ساتھیوں سمیت ہلاک ہو گئے تھے ور تب سے یہ عہدہ خالی ہے۔
وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نئے چیف آف ڈیفنس اسٹاف ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل انیل چوہان نے فوج میں اپنے 40 سالہ کیریئر کے دوران جموں و کشمیر اور شمال مشرقی ہندوستان جیسی حساس کور کی کمان سنبھالی ہے۔