پاکستان میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ میں بھارت کا گھناؤنا کردار بے نقاب ہو چکا ہے۔ دہشت گردی، سنگین انسانی جرائم میں ملوث بھارت عالمی سطح پر ٹارگٹ کلنگ میں ملوث پایا گیا ہے۔
واشنگٹن پوسٹ اخبار نے لکھا کہ بھارت نے امریکہ، کینیڈا اور مغربی ممالک میں بھی ماورائے عدالت قتل کئے۔ کینیڈا اور امریکا میں بھارتی را نے سکھ رہنماؤں کو قتل کیا جب کہ را کے افسر کاوش یادیو نے نیویارک میں سکھ علیحدگی پسند رہنما پر قاتلانہ حملے کی ہدایات جاری کی تھیں۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے بھارتی حکومت کی سرپرستی میں چلنے والے دہشت گرد نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا۔
واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے ذریعے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔ بھارتی ایجنسی ‘رانے پاکستان میں کرائے کے قاتلوں اور افغان ہتھیاروں کے ذریعے کم از کم 6 افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی۔
واشنگٹن پوسٹ نے رپورٹ میں مزید کہا کہ گزشتہ سال اپریل میں دو نقاب پوش افراد لاہور میں عامر سرفراز (تمبا) کو گولی مار کر فرار ہو گئے۔ یہ واقعہ دیگر ممالک کی طرح بھارت کی ‘خفیہ قتل مہم کا تسلسل تھا۔
امریکی جریدے کے مطابق 2021 کے بعد بھارت کی خفیہ ایجنسی ‘را نے پاکستان میں متعدد افراد کو ہلاک کرنے کی خفیہ مہم چلائی جس میں متعدد پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔
امریکی اخبار کے مطابق کینیڈین حکام نے بھارتی سفارتکاروں اور را کی دہشت گردی کو بھی بے نقاب کیا۔
سفارتی ماہرین نے کہا ہے کہ پاکستان کے وزیر داخلہ نے بھی ہلاکتوں میں بھارت کے براہ راست ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے، دنیا کو بھارتی جارحیت، دہشت گردی اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کا سخت نوٹس لینا چاہیے۔