بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت سے علیحدگی اور آزاد ملک کے قیام کے لیے سرگرم جماعت خالصتان تحریک کے رہنما نے کہا کہ وہ قاتلانہ سازشوں اور دھمکیوں کی پرواہ کیے بغیر اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
گروپتونت سنگھ پنوں نے مزید کہا کہ مجھے قتل کرنے کی سازش امریکا میں پکڑی گئی جس کا انکشاف واشنگٹن پوسٹ میں ہوا اور امریکی خفیہ ایجنسی کی بروقت مداخلت سے مودی سرکار اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکی۔
سکھ رہنما کا مزید کہنا تھا کہ امریکی انٹیلی جنس رپورٹ سے ثابت ہوا کہ مجھے قتل کرنے کی سازش میں مودی سرکار ملوث تھی۔ یہ امریکی رپورٹ نہیں بلکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر فرد جرم ہے۔
گروپتون سنگھ پنوں نے کہا کہ مودی سرکار کی یہ غلط فہمی ہے کہ مجھے مارنے سے خالصتان تحریک ختم ہو جائے گی۔ بھارت یاد رکھے خالصتان تحریک آزادی تک جاری رہے گی۔
یاد رہے کہ نکھل گپتا کو امریکا میں سکھ رہنما کے قتل کا پردہ فاش ہونے کے بعد امریکی انٹیلی جنس کی مدد سے جمہوریہ چیک سے گرفتار کیا گیا تھا اور ان پر الزامات بھی عائد کیے گئے تھے۔