بھارت نے پانی چھوڑدیا، پنجاب میں تباہ کن سیلاب، چھ اضلاع میں فوج طلب،ہنگامی ریلیف آپریشن

اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)بھارت کی جانب سے دریائے راوی میں دو لاکھ کیوسک پانی چھوڑنے کے بعد پنجاب کے مختلف اضلاع میں دریائے راوی، چناب اور ستلج میں خطرناک حد تک پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے، جس کے باعث کئی علاقے شدید سیلاب کی لپیٹ میں آ گئے۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق ہیڈ مرالہ پر دریائے چناب میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، جب کہ دریائے ستلج کے گنڈا سنگھ والا اور دریائے راوی کے جسڑ کے مقام پر بھی پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہے۔ شاہدرہ، سلیمانکی اور خانکی کے علاقوں میں درمیانے سے اونچے درجے تک کے سیلاب کی نشاندہی کی گئی ہے۔

دریائے راوی کے سیلابی ریلے سے لاہور کے نشیبی علاقے اور موٹر وے ٹو کے اطراف زیرِ آب آنے کا خدشہ ہے، جس پر سول ڈیفنس نے الرٹ جاری کرتے ہوئے سائرن بجا دیے ہیں۔ ریسکیو 1122 اور پولیس اہلکار دریائی علاقوں میں تعینات ہیں اور متاثرہ آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

نارووال میں خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افراد سیلاب میں پھنس گئے تھے جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے کارروائی کرکے نکالا۔ اسی دوران ایک صوبائی رکن اسمبلی احمد اقبال بھی سیلابی پانی میں گھر گئے تھے جنہیں اہلکاروں نے محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

ادھر ہیڈ بلوکی اور چنیوٹ میں پانی کی سطح تیزی سے بڑھ رہی ہے، کئی دیہات زیر آب آنے کے بعد مکین اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی پر مجبور ہیں۔ کھڑی فصلیں، خصوصاً دھان اور مکئی، تباہ ہونے کا خدشہ ہے جبکہ متعدد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

گوجرانوالہ اور چنیوٹ کے نشیبی علاقوں میں ضلعی انتظامیہ نے فوری انخلا کی ہدایت دی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق آئندہ دو دن تک دریاؤں میں پانی کی سطح مزید بلند ہوسکتی ہے۔

پنجاب کے چھ اضلاع لاہور، قصور، سیالکوٹ، فیصل آباد، نارووال اور اوکاڑہ میں سول انتظامیہ کی مدد کے لیے فوج طلب کرلی گئی ہے تاکہ ریسکیو اور ریلیف کارروائیاں تیز کی جاسکیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزرا کو ہدایت کی ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں کے دورے کریں اور امدادی سرگرمیوں کی براہِ راست نگرانی کریں۔ وزیراعظم نے اداروں کو ہائی الرٹ پر رہنے اور متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے اقدامات مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔