اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان تجارتی معاہدہ نہ ہوا تو بھارت کو امریکی مارکیٹ میں 25 فیصد ٹیرف کا سامنا کرنا پڑے گا۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہندوستان یقیناً ایک دوست ملک ہے لیکن اس نے دنیا میں سب سے زیادہ درآمدی محصولات عائد کیے ہیں جو ناقابل قبول ہیں۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ اور بھارت کے درمیان ابھی تک کوئی جامع تجارتی معاہدہ نہیں ہوا اور اگر کوئی پیش رفت نہ ہوئی تو امریکی انتظامیہ بھارتی مصنوعات پر بھاری محصولات عائد کرنے سے دریغ نہیں کرے گی۔یاد رہے کہ اپریل میں امریکی صدر نے بھارتی مصنوعات پر 26 فیصد ٹیرف لگانے کا عندیہ دیا تھا تاہم یہ فیصلہ جولائی تک موخر کر دیا گیا تھا۔
دریں اثنا، صدر ٹرمپ نے پہلے بھی بھارت میں ٹیسلا کے مجوزہ مینوفیکچرنگ پلانٹ کو روک دیا ہے، جس کا حوالہ دیا گیا تھا کہ اس کا امریکی صنعت پر منفی اثر پڑ رہا ہے۔مزید برآں امریکی صدر نے آئی فون بنانے والی کمپنی ایپل کو بھی خبردار کیا ہے کہ اگر کمپنی اپنی مصنوعات امریکا میں نہیں بناتی تو اسے 25 فیصد ٹیرف بھی ادا کرنا پڑے گا۔صدر ٹرمپ نے دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ امریکہ میں فروخت ہونے والا ہر آئی فون امریکی سرزمین پر تیار کیا جائے، اگر اسے بھارت یا کسی اور ملک میں تیار کیا گیا تو ایپل کو بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔