اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان راج ہیرانی کی فلم ’ڈنکی‘ میں ایک بار پھر فوجی افسر کا کردار ادا کریں گے۔
فلم کو شاہ رخ اور گوری خان کے پروڈکشن ہاؤس ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ نے پروڈیوس کیا ہے اور تاپسی پنو بھی فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گی۔
فلمساز راج ہیرانی اور شاہ رخ خان پہلی بار کسی پروجیکٹ میں ایک ساتھ کام کریں گے، راج ہیرانی اس سے قبل بالی ووڈ انڈسٹری کو پی کے، منا بھائی ایم بی بی ایس، تھری ایڈیٹس اور سنجو جیسی بلاک بسٹر فلمیں دے چکے ہیں۔
بھارتی میڈیا ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ شاہ رخ خان فلم میں ایک بار پھر فوج کی وردی پہن کر بہت خوش ہیں اور اس وردی کی جھلک فلم کے اعلان کی ویڈیو میں دیکھی جاسکتی ہے۔
شاہ رخ خان اس سے قبل فلموں میں آرمی آفیسر کا کردار ادا کر چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق فلم ’ڈنکی‘ کی کہانی ایسے لوگوں کے گرد گھومتی ہے جو اپنے گھروں کو لوٹنا چاہتے ہیں، یہ ایک طویل سفر ہے اور وہ بھارت پہنچنے سے پہلے دنیا کے مختلف خطوں سے گزرتے ہیں۔
اداکار کو حال ہی میں ممبئی میں کوریوگرافر فرح خان کے ساتھ اپنی آنے والی فلم ‘جوان کے ایک گانے کی شوٹنگ کے دوران دیکھا گیا۔