اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)بابا گرو نانک کی 486 ویں برسی، ’’جیوتی جوت‘‘، 22 ستمبر سے کرتارپور صاحب میں منائی جائے گی۔ تاہم بھارتی وزارت داخلہ نے ایڈوائزری جاری کر کے اپنے شہری سکھ یاتریوں کو پاکستان آنے سے روک دیا۔
ماہرین اور سکھ رہنما اس اقدام کو مذہبی تعصب اور مذہبی آزادی کی خلاف ورزی قرار دے رہے ہیں۔ دنیا بھر سے سکھ یاتری کرتارپور کی مذہبی رسومات میں شرکت کے لیے پہنچ چکے ہیں، لیکن بھارتی حکومت نے اپنے شہریوں کو پابندی کے ذریعے مذہبی رسومات میں شامل ہونے سے روک دیا۔
پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی کے سربراہ سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ یہ اقدام سکھوں کے بنیادی مذہبی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’جب بھارت اور پاکستان کے درمیان کرکٹ میچ ممکن ہے تو سکھ یاتری پاکستان کیوں نہیں جا سکتے؟‘‘
بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے بھی کہا کہ مرکزی حکومت کو مذہبی آزادی میں رکاوٹ ڈالنے کا کوئی حق نہیں۔