اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت کی جارحانہ بیان بازی علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے اشتعال انگیز بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی بیان میں کہا گیا ہے کہ لائن آف کنٹرول پار کرنے کے لیے تیار رہیں، ہم بھارت کو بہت محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہیں۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ جارحانہ بیان بازی علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے اور ایسے بیانات جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک ماحول کو غیر مستحکم کر دیں گے۔ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ بھارت کی جانب سے اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ بیانات دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اس قسم کی بیان بازی کا رواج بند ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے اور مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے، بھارت کو مشورہ ہے کہ وہ جاہ و جلال کے دعوے کرنے کی بجائے ان قراردادوں پر ایمانداری سے عمل کرے۔ .