اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں پانی چھوڑنے سے گنڈا سنگھ والا کے درجنوں دیہات زیرآب آگئے، دیہاتیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ علاقوں کی طرف جانا شروع کردیا ہے۔
دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، پانی کی آمد 1 لاکھ 14 ہزار 260 کیوسک تک پہنچ گئی، ستلج گنڈا سنگھ والا میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے بھیک والا، مستیکی، فتح والی، ماہی والا اور چندا سنگھ کے دیہاتوں میں ریسکیو کیمپ بھی قائم کیے ہیں۔ قصور کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 211 افسران و اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ہیڈ سلیمانکی پر پانی کی آمد 62118 اور اخراج 62118 ہے، قصور اور اوکاڑہ سمیت کئی دیہات سیلابی پانی میں ڈوب گئے ہیں۔
جھنگ میں دریائے چناب میں سیلابی پانی کا بہاؤ جاری ہے، آس پاس کے 40 دیہات کے 48 ہزار افراد متاثر جب کہ فصلیں اور مواصلاتی سڑکیں بھی زیر آب آگئی ہیں۔
دریائے ستلج میں پاکپتن میں درمیانے درجے کے سیلابی ریلے کا الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے، دریا میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث قریبی بستیوں کو خالی کرا لیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ممکنہ اقدامات کے لیے ریلیف کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں، مشینری اور کشتیوں کے ساتھ ریسکیو اہلکار موجود ہیں، متعلقہ محکموں کو 24 گھنٹے ڈیوٹی پر الرٹ رہنے کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ انسانی جانوں کو بچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔