اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان سمیت دنیا بھر میں ماؤں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے جس کا مقصد ماؤں کی عظمت کا اعتراف اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔
دنیا کے بیشتر ممالک میں ماؤں کا عالمی دن مئی کے دوسرے اتوار کو منایا جاتا ہے لیکن کئی ممالک ایسے بھی ہیں جو جنوری، مارچ، اکتوبر یا نومبر میں یہ دن مناتے ہیں۔
یاد رہے کہ ماؤں کا عالمی دن منانے کی تاریخ بہت قدیم ہے اور اس کا پتہ سب سے پہلے یونانی تہذیب سے ملتا ہے جہاں یہ دن تمام دیوتاؤں کی ماں "گرہیا دیوی” کے اعزاز میں منایا جاتا تھا، یہ دن ایسٹر سے 40 دن پہلے منایا جاتا تھا۔
1907 میں فلاڈیلفیا کی اینا جارویس نے اسے قومی دن کے طور پر منانے کی تحریک شروع کی جو بالآخر کامیاب ہوئی اور 1911 میں یہ دن امریکہ کی ایک ریاست میں منایا گیا۔
ان کوششوں کے نتیجے میں 8 مئی 1914 کو امریکی صدر ووڈرو ولسن نے مئی کے دوسرے اتوار کو باضابطہ طور پر مدرز ڈے کے طور پر منانے کا اعلان کیا، اب یہ دن دنیا بھر میں ہر سال مئی کے دوسرے اتوار کو منایا جاتا ہے۔
پاکستان میں اس دن کے حوالے سے لوگ دو گروہوں میں بٹے ہوئے نظر آتے ہیں، ایک وہ ہیں جو اس دن کو ماؤں کی عظمت کے لیے اہم سمجھتے ہیں، جب کہ دوسرے گروپ کا کہنا ہے کہ ماؤں کی محبت کے لیے ایک دن مختص کرنے کا کیا جواز ہے۔ جب کہ ماں جیسی عظیم ہستی ہمیشہ پیار اور احترام کی مستحق ہوتی ہے۔
ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ والدین ایک سائے کی مانند ہوتے ہیں جس کی ٹھنڈک ہمیں اس وقت تک محسوس نہیں ہوتی جب تک وہ ہمارے سر پر نہ ہو، جیسے ہی یہ سایہ اٹھتا ہے تو ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ ہم نے کیا کھویا؟