اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) میٹا واٹس ایپ میں رنگین چیٹ تھیمز شامل کر رہا ہے۔یہ ایک ایسا فیچر ہے جو میٹا کی دیگر ایپس، انسٹاگرام اور فیس بک میسنجر میں پہلے سے موجود ہے۔WaBetaInfo کی ایک رپورٹ کے مطابق چیٹ تھیمز کا فیچر اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے۔ویسے تو پہلے سے ہی واٹس ایپ میں صارفین چیٹ بیک گراؤنڈ کا انتخاب کر سکتے ہیں جبکہ لائٹ اور کلر موڈز کا آپشن بھی دستیاب ہے لیکن ٹیکسٹ ببلز کا رنگ تبدیل نہیں ہوتا۔اس کے برعکس، انسٹاگرام اور میسنجر چیٹ تھیمز میں ایک ایسا فیچر ہے جو صارفین کو ہر چیٹ ونڈو کے لیے مختلف رنگوں یا آرٹسٹک تھیمز استعمال کرنے کی اجازت دیتا ہے۔
اس سے ہر چیٹ ونڈو دوسروں سے مختلف اور منفرد نظر آتی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ واٹس ایپ ایک نئے سیکشن کی جانچ کر رہا ہے جہاں صارفین اپنی پسندیدہ چیٹ تھیم کا انتخاب کر سکیں گے۔لیکن واٹس ایپ میں یہ فیچر انسٹاگرام اور میسنجر سے کچھ مختلف نظر آتا ہے جہاں ڈیفالٹ چیٹ تھیم خود بخود تمام چیٹس پر لاگو ہوجاتی ہے۔لیکن امکان ہے کہ واٹس ایپ اس سلسلے میں ایک مینوئل آپشن فراہم کرے گا جو صارفین کو انفرادی چیٹس کو اپنی مرضی کے مطابق کرنے کی اجازت دے گا۔