اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)پاکستان میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کے شعبے میں ایک بڑا سنگ میل عبور کر لیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت نے سیلاب کے دوران متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات تک پہنچانے کے لیے جدید ایئر لفٹ ڈرون حاصل کر لیا ہے۔ یہ ڈرون 200 کلوگرام وزنی شخص کو اٹھا کر ریلیف پوائنٹ تک منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب کی ہدایت پر یہ ڈرون ملتان بھیجا جا رہا ہے تاکہ جنوبی پنجاب کے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشنز میں مدد مل سکے۔ اس سے قبل لاہور میں سول ڈیفنس نے اس ڈرون کی کامیاب ٹیسٹ فلائٹس مکمل کر لی ہیں۔
حکام کے مطابق مزید 10 ایئر لفٹ ڈرونز کی خریداری کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ سول ڈیفنس کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا سکے۔ یہ اپنی نوعیت کی پاکستان کی پہلی ایمرجنسی ایئر لفٹ ڈرون سروس ہے جسے "پنجاب سول ڈیفنس ریزیلئنس کور” کے پلیٹ فارم سے چلایا جائے گا۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی ایسے مقامات پر بھی ریسکیو آپریشنز ممکن بنائے گی جو پہلے ناقابل رسائی تھے۔ ان کے مطابق سیلاب اور دیگر ہنگامی حالات میں سول ڈیفنس کے اہلکار اور رضاکار فرنٹ لائن پر خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ ریزیلئنس کور میں شہریوں کی بطور رضاکار شمولیت کا عمل بھی جاری ہے۔