اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ایران نے اب موبائل فون کو نشانہ بناتے ہوئے اسرائیل پر سائبر حملہ کر دیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران نے اسرائیل پر سائبر حملہ کیا ہے جس میں اسرائیلی شہریوں کو ان کے موبائل فون پر پیغامات موصول ہوئے ہیں جن میں انہیں پناہ گاہوں میں جانے اور ایندھن ذخیرہ کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔اسرائیلی حکام نے شہریوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ یہ ایرانی سائبر حملہ ہے اور عوام کو اس پر توجہ نہیں دینی چاہیے۔اس کے علاوہ ایک اسرائیلی ٹی وی چینل کو مبینہ طور پر لائیو پروگرام کے دوران ہیک کر لیا گیا جس سے اینکرز حیران رہ گئے۔واضح رہے کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب ایران نے اسرائیل پر ایک اور بڑا حملہ کیا جس میں تل ابیب اور حیفہ پر میزائل اور ڈرون فائر کیے گئے۔ایرانی حملے نے حیفہ ریفائنری کی پیداوار کو مکمل طور پر روک دیا اور تین ملازمین ہلاک ہو گئے۔ایرانی پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ وہ صبح تک اسرائیل پر حملے جاری رکھیں گے۔اس سے قبل پیر کے روز ایران نے اسرائیل پر درجنوں میزائلوں سے حملہ کیا تھا جس میں کم از کم 8 اسرائیلی ہلاک اور 92 زخمی ہوئے تھے۔واضح رہے کہ جمعہ سے اب تک ایرانی میزائل حملوں میں 24 اسرائیلی ہلاک اور 600 زخمی ہو چکے ہیں۔