اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے اسرائیل کے خلاف ایک بڑے آپریشن کی پیش گوئی کرتے ہوئے اسرائیلی عوام کو فوری طور پر تل ابیب اور حیفہ چھوڑنے کی تنبیہ کی ہے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے کہا کہ ایران کی جانب سے اب تک جو کارروائی کی گئی ہے وہ محض ایک انتباہ ہے، اصل اور فیصلہ کن کارروائی ابھی باقی ہے جس پر جلد عمل درآمد کیا جائے گا۔انہوں نے اسرائیلی شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ اپنی جان بچانے کے لیے فوری طور پر حیفہ اور تل ابیب کے شہروں کو خالی کر دیں کیونکہ ان علاقوں میں جلد ہی بڑی کارروائیاں کی جائیں گی۔میجر جنرل موسوی نے زور دے کر کہا کہ ایرانی قوم مسلح افواج کی قیادت میں یقینی طور پر شہداء کے خون کا بدلہ لے گی اور اسرائیل کو اس کے جرائم کی سزا دی جائے گی۔.
انہوں نے کہا کہ ایران کبھی کسی جارحیت کے سامنے نہیں جھکاور نہ ہی جھکتا ہے اور اسرائیلی حکومت کو یقینی طور پر اپنے جرائم کے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ایرانی اعلیٰ فوجی قیادت کا یہ بیان اسرائیل کے ساتھ جاری کشیدگی کے پس منظر میں سامنے آیا ہے جس نے خطے میں ممکنہ نئی جنگ کے خطرات کو مزید بڑھا دیا ہے۔واضح رہے کہ 13 جون سے اب تک ایران نے اپنے دفاع میں اسرائیل پر کئی میزائل داغے ہیں جس کے نتیجے میں 14 اسرائیلی ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں جب کہ ایرانی فوج کے اہم کمانڈروں اور سربراہوں سمیت 224 سے زائد شہری شہید ہو چکے ہیں۔