اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے واضح اور دو ٹوک الفاظ میں اعلان کیا ہے کہ ایران کسی بھی صورت میں امریکی دباؤ یا مطالبات کے آگے نہیں جھکے گا
تہران میں ایک مذہبی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ امریکہ ایران کو زیرِ نگیں کرنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن ایران اپنے موقف پر ڈٹ کر کھڑا رہے گا۔سپریم لیڈر نے امریکہ کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کی تجویز کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دھمکیوں کے سائے میں مذاکرات نہیں ہو سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ ہمیں براہِ راست مذاکرات پر مجبور کرنے کی بات کرتے ہیں وہ حقیقت سے نابلد ہیں۔
آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ دشمن یہ سمجھنے میں غلطی پر ہیں کہ ایرانی عوام اور حکومت کے درمیان تعلق کمزور ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب فوجی حملوں میں ناکامی کا سامنا ہوا تو دشمنوں کو اندازہ ہوا کہ ایران کو جنگ کے ذریعے مغلوب نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی اسلامی نظام کو جھکایا جا سکتا ہے۔سپریم لیڈر کا یہ تازہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جمعے کے روز ایران اور یورپی رہنماؤں نے تہران کے جوہری پروگرام پر باضابطہ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔واضح رہے کہ ایران نے جون میں 12 روزہ جنگ کے دوران امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے تہران کی ایٹمی تنصیبات پر بمباری کے بعد واشنگٹن کے ساتھ جوہری مذاکرات معطل کر دیے تھے۔