ارد ور لڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) عالمی فٹبال تنظیم فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے اعلان کیا ہے کہ ایران کی قومی فٹبال ٹیم فیفا ورلڈکپ 2026 میں اپنے گروپ میچز شیڈول کے مطابق امریکا میں ہی کھیلے گی
حالانکہ اس سے قبل جاری جنگی صورتحال کے باعث میچز کی منتقلی پر قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔یہ اعلان ترکیہ میں ایرانی ٹیم، ہیڈ کوچ اور ایران فٹبال فیڈریشن کے نائب صدر سے ملاقات کے بعد کیا گیا، جہاں ٹیم کوسٹا ریکا کے خلاف دوستانہ میچ کھیلنے کے لیے موجود تھی۔ ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انفینٹینو نے واضح کیا کہ ایران ورلڈکپ میں شرکت کرے گا اور تمام میچز قرعہ اندازی کے مطابق طے شدہ مقامات پر ہی ہوں گے۔
یاد رہے کہ ایران پہلے ہی ورلڈکپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔ یہ میگا ایونٹ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں 11 جون سے شروع ہوگا۔ ایران کا پہلا گروپ میچ 15 جون کو لاس اینجلس میں نیوزی لینڈ کے خلاف شیڈول ہے، جبکہ دوسرا میچ 21 جون کو بیلجیئم اور تیسرا 27 جون کو مصر کے خلاف کھیلا جائے گا۔
اس سے قبل ایران فٹبال فیڈریشن نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جاری کشیدگی کے باعث میچز کو میکسیکو منتقل کرنے کے لیے فیفا سے رابطہ کیا تھا۔ دوسری جانب سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی موجودہ حالات میں ایرانی ٹیم کی امریکا آمد پر سوالات اٹھائے تھے، تاہم ایرانی حکام نے واضح مؤقف اختیار کیا تھا کہ کسی بھی صورت ٹیم کو ورلڈکپ سے باہر نہیں کیا جا سکتا۔
ملاقات کے بعد فیفا صدر نے سوشل میڈیا پر ایرانی ٹیم کے ساتھ تصاویر بھی شیئر کیں اور کھلاڑیوں کو ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی ٹیم نہ صرف اپنے ملک بلکہ دنیا بھر میں لاکھوں شائقین کے لیے فخر کا باعث ہے۔
جیانی انفینٹینو کا کہنا تھا کہ فٹبال مشکل ترین حالات میں بھی اتحاد، امید اور مثبت پیغام کو فروغ دیتا ہے، اور فیفا اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ایرانی ٹیم بہترین ماحول میں اپنی تیاری جاری رکھ سکے۔ انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ عالمی سطح پر اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے انسانیت اور یکجہتی کا پیغام عام کریں۔