اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ایران کا اپنے جنوبی علاقوں میں آج متوقع راکٹ لانچ کے پیش نظر باضابطہ طور پر نوٹس ٹو ایئر مین (نوٹم) جاری کر دیا ہے
جس میں پائلٹس، ایئر لائنز اور فضائی حدود استعمال کرنے والے تمام متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی حکام کی جانب سے جاری کردہ نوٹم میں مخصوص فضائی حدود اور سمندری راستوں کے قریب پرواز کرنے والے طیاروں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ متعین علاقوں سے گریز کریں یا اضافی احتیاط برتیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام فضائی سلامتی کو یقینی بنانے اور ممکنہ خطرات سے بچاؤ کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایران نے رواں ہفتے آبنائے ہرمز میں بحری مشقیں بھی مکمل کی ہیں، جن میں مختلف جنگی جہازوں، آبدوزوں اور میزائل سسٹمز نے حصہ لیا۔ ان مشقوں کا مقصد بحری دفاعی صلاحیت کا مظاہرہ اور حساس سمندری گزرگاہوں کی حفاظت کو یقینی بنانا بتایا جا رہا ہے۔ آبنائے ہرمز عالمی سطح پر توانائی کی ترسیل کے لیے نہایت اہم گزرگاہ سمجھی جاتی ہے، جہاں سے دنیا کے تیل کی بڑی مقدار گزرتی ہے۔
ایرانی حکام نے اعلان کیا ہے کہ جمعرات سے روس کے ساتھ مشترکہ بحری مشقیں بھی شروع کی جائیں گی۔ ان مشقوں کو خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب امریکا نے خلیج کے قریب اپنے جنگی بحری جہاز اور دیگر عسکری وسائل تعینات کر رکھے ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے راکٹ لانچ اور بحری مشقوں کا سلسلہ خطے میں طاقت کے توازن اور دفاعی تیاریوں کے پیغام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ دوسری جانب امریکا اور اس کے اتحادی ممالک ایران کی عسکری سرگرمیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔علاقائی کشیدگی کے باعث عالمی منڈیوں میں بھی بے چینی پائی جا رہی ہے، خصوصاً تیل کی قیمتوں پر اس کے ممکنہ اثرات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ مبصرین کے مطابق موجودہ صورتحال میں کسی بھی غیر متوقع پیش رفت سے مشرقِ وسطیٰ میں سکیورٹی حالات مزید پیچیدہ ہو سکتے ہیں۔