اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز) نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے قاہرہ میں ڈی 8 وزارتی اجلاس کے موقع پر مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعطی سے ملاقات کی۔.
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ڈی 8 سربراہی اجلاس اور وزارتی اجلاس کی میزبانی پر مصری حکومت کو مبارکباد دی اور وزیر خارجہ بدر عبدالعطی کی گرمجوشی سے مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔.
دونوں وزرائے خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان کثیر جہتی تعلقات کو سراہتے ہوئے سیاسی، دفاعی، ثقافتی، اقتصادی اور تجارتی تعلقات اور عوام سے عوام کے رابطوں کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔.
دونوں وزرائے خارجہ نے غزہ میں اسرائیل کی جاری نسل کشی اور مغربی کنارے میں ہونے والے مظالم سمیت علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔. انہوں نے غزہ میں جاری اسرائیلی نسل کشی پر کڑی تنقید کی۔. انہوں نے معصوم فلسطینیوں کی مزید ہلاکتوں کو روکنے کے لیے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔.
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے غزہ کے عوام کو انسانی امداد فراہم کرنے اور مقبوضہ فلسطین میں جنگ بندی کی سفارتی کوششوں میں مصر کے کردار کی تعریف کی۔. دونوں وزرائے خارجہ نے جون 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر قائم ایک قابل عمل، متصل اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے بھی اپنی بھرپور حمایت کا اظہار کیا-