اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، جس کی صدارت ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے کی۔
سماعت کے دوران عمران خان کی جانب سے دائر چھ درخواستوں اور بشریٰ بی بی کی ایک درخواست پر کارروائی ہونا تھی، تاہم عمران خان کی عدالت میں عدم موجودگی کی وجہ سے ان کی درخواستوں پر کوئی کارروائی نہ ہو سکی۔ اسی طرح بشریٰ بی بی کی درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ بھی عدالت کی جانب سے آج سنایا نہیں گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے عمران خان کو بذاتِ خود یا ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہونے کا حکم دیا تھا، تاہم وہ پیش نہ ہو سکے۔
عدالت نے بعد ازاں تمام عبوری ضمانتوں پر سماعت 9 ستمبر تک مؤخر کر دی۔ آج کی کارروائی میں عمران خان کی جانب سے وکیل خالد یوسف چوہدری نے عدالت میں حاضری دی۔
واضح رہے کہ عمران خان پر احتجاج، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، اور اقدام قتل جیسے الزامات کے تحت پانچ مقدمات درج ہیں، جب کہ توشہ خانہ کیس میں جعلی رسیدوں کی بنیاد پر ان کے اور بشریٰ بی بی کے خلاف ایک الگ مقدمہ بھی زیر سماعت ہے۔