اسلام آباد ہائیکورٹ،عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر اعتراض برقرار، نئی درخواست دائر کرنے کی ہدایت

اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر اپیلوں پر آفس کی جانب سے لگائے گئے اعتراضات کے معاملے پر سماعت کرتے ہوئے وکلا کو ہدایت کی ہے کہ بروقت اپیلیں دائر نہ ہونے سے متعلق اعتراض ختم کرانے کے لیے باقاعدہ نئی درخواست دائر کی جائے۔

سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو نے کی۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ اپیلیں مقررہ وقت کے اندر دائر کی گئی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سزا کا فیصلہ 20 دسمبر کو سنایا گیا جبکہ اپیلیں 29 دسمبر کو عدالت میں جمع کرا دی گئی تھیں، اس لیے انہیں تاخیر سے دائر شدہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ اپیلیں جمع کراتے وقت فیصلے کی مصدقہ نقل بھی ساتھ لگائی گئی تھی۔ ان کے مطابق آفس کی جانب سے لگائے گئے اعتراضات کے بارے میں انہیں بروقت آگاہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جب سزا معطلی کی درخواست دائر کی گئی تو 14 فروری کو بتایا گیا کہ اپیلوں پر اعتراضات موجود ہیں۔

وکیل نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ قانونی اصول کے مطابق اگر اپیل ایک مرتبہ دائر ہو جائے تو اسے بروقت ہی تصور کیا جاتا ہے اور اس حوالے سے اعلیٰ عدالت کا فیصلہ بھی موجود ہے، لہٰذا اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی درخواست گزاروں کی جانب سے نہیں ہوئی۔

سماعت کے دوران جسٹس خادم حسین سومرو نے ریمارکس دیے کہ جب وکیل اپنی فائل کی مناسب پیروی نہیں کرتے تو اس طرح کی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے۔ عدالت نے آفس کی جانب سے لگائے گئے اعتراضات کو بلند آواز میں پڑھنے کی ہدایت بھی کی۔

بعد ازاں عدالت نے واضح کیا کہ موجودہ متفرق درخواست کے ذریعے آفس اعتراض ختم نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے وکیل کو ہدایت دی کہ اعتراض ختم کرانے کے لیے الگ سے باقاعدہ درخواست دائر کی جائے۔ عدالت نے اس معاملے پر مزید کارروائی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔

عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سلمان صفدر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف القادر کیس اور توشہ خانہ ٹو کے معاملات میں اہم اپیلیں زیر التوا ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ القادر کیس میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کی ضمانت کے امکانات موجود ہیں اور اس کیس کی سماعت بدھ کے روز مقرر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سزا معطلی کی درخواستیں کئی ماہ بعد سماعت کے لیے مقرر ہوئیں جبکہ توشہ خانہ ٹو کی اپیل کو تاحال باقاعدہ نمبر نہیں دیا گیا۔ ان کے مطابق کیس نمبر الاٹ ہونے کے بعد ہی کارروائی آگے بڑھ سکے گی اور امکان ہے کہ آئندہ ہفتے اپیل کو نمبر مل جائے گا۔

بیرسٹر سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ اپیل کو نمبر ملنے کے بعد سزا معطلی کی درخواست پر باضابطہ سماعت ہو سکے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت صرف دو مقدمات میں قید ہیں اور اگر اپیلوں پر جلد سماعت ہو گئی تو عید سے پہلے رہائی کا امکان بھی پیدا ہو سکتا ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں