اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )اسلام آباد ہائی کورٹ نے کرپشن کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی درخواست ضمانت پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو نوٹس جاری کر دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سائفر کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین کی درخواست ضمانت سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
عمران خان کی جانب سے وکیل سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے اور سماعت کے دوران پی ٹی آئی چیئرمین کے وکلا نے بار بار جلد سماعت کی استدعا کی۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ طریقہ کار ہے، کیس مقرر ہوجائے گا
اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو توشہ خانہ کیس میں سزا سنانے کے بعد 5 اگست 2023 کو لاہور سے گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں اٹک جیل منتقل کردیا گیا تھا۔
بعد ازاں ایف آئی اے نے عمران خان کو 19 اگست کو سائفر کیس میں بھی گرفتار کیا تھا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں سزا معطل کیے جانے کے باوجود عمران خان کی رہائی ممکن نہیں ہوسکی کیونکہ ان کے خلاف سائفرگمشدگی کا کیس بھی عدالتوں میں زیرسماعت ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کررہے ہیں۔