اردو ولڈ کینیڈا ( ویب نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے جیل میں قیدیوں سے مبینہ ناروا سلوک پر آئی جی جیل خانہ جات پنجاب اور اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا
عدالت نے وفاقی حکومت کو ایک ہفتے میں انسانی حقوق کی عدالت قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مقدمہ خصوصی عدالت میں چلایا جائے گا۔
عدالت نے اڈیالہ جیل میں شکایت سیل قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے یہ ہدایات اڈیالہ جیل میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کے بارے میں قومی کمیشن برائے انسانی حقوق (این سی ایچ آر) کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ پر جاری کیں۔
این سی ایچ آر کی رپورٹ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے، آئی ایچ سی کے چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ (اڈیالہ جیل) جیل کی طرح کم اور ٹارچر اور حراستی مرکز کی طرح لگتا ہے۔
جج نے ریمارکس دیے کہ ‘قیدیوں پر تشدد جاری ہے اور جیلوں میں قیدیوں کا مذاق اڑایا جاتا ہے، عدالت قیدیوں پر تشدد برداشت نہیں کرے گی، حراستی تشدد اب ختم ہونا چاہیے۔