اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )اسلام آباد پولیس پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے لیے لاہور زمان پارک پہنچ گئی ہے۔ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے، ایس پی سٹی اسلام آباد حسین طاہر کی سربراہی میں اسلام آباد پولیس کی ٹیم وارنٹ گرفتاری لے کر لاہور پہنچ گئی۔
اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کے سابق چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے لیے لاہور پولیس سے بھی مدد کی درخواست کی ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا بیان
ترجمان وفاقی پولیس کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات کے مطابق اسلام آباد پولیس کی ٹیم عمران خان کی گرفتاری کے لیے لاہور پہنچ گئی ہے، تمام کارروائیاں لاہور پولیس کے تعاون سے کی جارہی ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، اسلام آباد پولیس عمران خان کو اپنی حفاظت میں اسلام آباد منتقل کرے گی، قانون سب کے لیے برابر ہے۔