اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) قطر میں نماز جنازہ کے بعد حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کی تدفین آج دوحہ میں ہوگی۔حماس کے رہنما اور سابق فلسطینی وزیر اعظم اسماعیل ھنیہ کی نماز جنازہ گزشتہ روز تہران میں ادا کی گئی جس کے بعد انہیں آج قطر کے شہر لوسیل کے قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق اسماعیل ہانیہ کی میت کو قطر کے دارالحکومت دوحہ منتقل کردیا گیا جہاں ان کی نماز جنازہ جمعہ کے بعد امام محمد بن عبدالوہاب مسجد میں ادا کی جائے گی۔
حماس رہنما منگل اور بدھ کی درمیانی شب تہران میں ان کی رہائش گاہ پر میزائل حملے میں شہید ہوئے، ان کی نماز جنازہ گزشتہ روز تہران میں ادا کی گئی، نماز جنازہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے پڑھائی۔اس موقع پر ملک کے نو منتخب صدر المدقیان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے ان کی تصاویر اور فلسطینی پرچم والے پوسٹرز اٹھا رکھے تھے۔یاد رہے کہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت سے قبل اسرائیلی حملوں میں ان کے خاندان کے 70 افراد شہید ہوئے تھے۔
اس کے علاوہ پاکستان سمیت کئی ممالک میں اسماعیل ہانیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جب کہ کئی مذہبی اور سیاسی جماعتوں نے مختلف مقامات پر غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔دوسری جانب ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے خبردار کیا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کا بدلہ لینا تہران کا فرض ہے کیونکہ یہ قتل ایرانی دارالحکومت میں ہوا تھا۔واضح رہے کہ غزہ میں جنگ کے باعث مشرق وسطیٰ کے خطے میں پہلے ہی شدید کشیدگی پائی جاتی ہے، گزشتہ برس 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملے کے بعد غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی بڑی فضائی اور زمینی فوجی کارروائیوں کا آغاز ہوا تھا۔
86