اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اسرائیل نے اسرائیلی حکام اور امدادی ایجنسی کے درمیان رابطوں پر پابندی لگانے، UNRWA سے تعلقات منقطع کرنے اور اسے دہشت گرد تنظیم قرار دینے کی بھی منظوری دی۔اس حوالے سے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل کے خلاف دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لیے UNRWA کے عملے کو جوابدہ ہونا چاہیے۔
نیتن یاہو نے کہا کہ غزہ میں اب اور مستقبل میں پائیدار انسانی امداد دستیاب رہے گی لیکن اسرائیل کو 48 گھنٹے کی جنگ بندی کے بدلے چار مغویوں کی رہائی کی تجویز موصول نہیں ہوئی۔پابندی کے اسرائیلی اقدام پر اپنے ردعمل میں UNRWA نے کہا کہ تنظیم پر پابندی سے فلسطینیوں کے مصائب میں مزید اضافہ ہوگا اور غزہ کے لوگوں کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہوگا۔
امریکا نے اسرائیل کی جانب سے اقوام متحدہ کے ادارے UNRWA پر پابندی پر تشویش کا اظہار کیا ہے جب کہ برطانیہ نے بھی اسرائیلی پابندی کو غلط قرار دیتے ہوئے مذمت کی ہے۔اسرائیلی پارلیمنٹ کی جانب سے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے پر پابندی کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے فلسطین نے پابندی کو یکسر مسترد کردیا۔