اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)امریکی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل کسی بھی وقت ایران پر حملہ کر سکتا ہے اور اسرائیلی حکام نے اس سلسلے میں امریکہ کو پیشگی اطلاع بھی دی ہے۔
اطلاعات کے مطابق اسرائیل نے واضح کر دیا ہے کہ وہ ایران کے اندر ایک بڑے آپریشن کے لیے پوری طرح تیار ہے،دوسری جانب امریکا کو خدشہ ہے کہ اسرائیلی حملے کی صورت میں ایران عراق میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
اس تناظر میں امریکہ نے اپنے غیر سفارتی عملے اور فوجی اہلکاروں کو مشرق وسطیٰ سے فوری طور پر جانے کی اجازت دے دی ہے. پینٹاگون کے مطابق خاندانوں کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے۔
ایرانی وزیر دفاع نے خبردار کیا ہے کہ اگر جنگ مسلط کی گئی تو ایران زبردستی جواب دے گا اور دشمن کو کئی گنا زیادہ نقصان اٹھانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے پاس تمام امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت ہے۔
دریں اثنا، یورینیم کی افزودگی کے معاملے پر ایران اور امریکہ کے درمیان سفارتی تناؤ جاری ہے، اور اتوار کو مسقط میں جوہری معاہدے کے لیے مذاکرات کا چھٹا دور متوقع ہے۔