اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) غزہ میں اسرائیلی بربریت کا سلسلہ جاری ہے، تازہ ترین اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں مزید 78 فلسطینی شہید ہو گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ کے مختلف ہسپتالوں سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں کم از کم 78 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں 14 بے گھر افراد بھی شامل ہیں جو امداد حاصل کرنے کے لیے جمع ہوئے تھے۔ غزہ کے ہسپتالوں کے ذرائع کے مطابق وسطی غزہ میں امداد کے منتظر فلسطینی اس وقت مارے گئے جب بدھ کی صبح اسرائیلی فورسز نے ان پر فائرنگ کی۔غزہ حکام کے مطابق مئی سے اب تک امدادی مراکز میں اسرائیل نے 500 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا ہے۔دوسری جانب حماس نے خان یونس میں ایک بڑا آپریشن کیا، جس میں ایک اسرائیلی بکتر بند گاڑی کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا، جس میں 7 اسرائیلی فوجی مارے گئے۔دریں اثنا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ جنگ کے خاتمے کے لیے اہم پیش رفت ہو رہی ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان تقریباً دو سال سے جاری جنگ جلد ہی ختم ہو سکتی ہے۔