اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اسرائیلی فوج نے واپس گھروں کو جانے والوں کو بھی نہ بخشا ، جنوبی لبنان میں 22 افراد شہید
لبنانی حکومت کے مطابق اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 124 افراد زخمی بھی ہوئے۔لبنانی وزارت صحت کے مطابق شہید ہونے والوں میں ایک فوجی افسر اور چھ خواتین شامل ہیں۔ اسرائیلی فوج نے 19 سرحدی دیہاتوں میں اپنے گھروں کو لوٹنے والے شہریوں کو نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ لبنان کے جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیل کو 2 ماہ کے اندر جنوبی لبنان سے انخلا کرنا تھا تاہم اسرائیلی فوج نے گزشتہ دنوں جنوبی لبنان سے نکلنے سے انکار کر دیا تھا۔اسرائیلی فوج کے اعلان کے باوجود لبنانی شہریوں نے اسرائیلی اور لبنانی فوج کی ہدایات کے برعکس آج صبح جنوبی لبنان میں اپنے علاقوں کو لوٹنا شروع کر دیا۔عرب میڈیا کے مطابق متعدد مقامات پر شہریوں نے لبنانی فوج کی جانب سے قائم کی گئی چوکیوں اور رکاوٹوں کو عبور کرکے اپنے علاقوں کی طرف جانا شروع کردیا۔عرب میڈیا کے مطابق مارون الراس کے علاقے میں لبنانی عوام بھی اسرائیلی ٹینکوں اور فوجیوں کے آمنے سامنے آگئے۔