اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ، خان یونس میں پناہ گزینوں کے کیمپ پر اسرائیلی طیاروں کے حملے میں 40 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔مقامی رہائشیوں نے بتایا کہ خان یونس شہر کے مغرب میں المواسی کے انسانی حقوق کے علاقے میں بے گھر افراد کے خیموں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں بڑے گڑھے پڑ گئے۔حماس سول ڈیفنس اتھارٹی کے آپریشنز ڈائریکٹر نے برطانوی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ حملے میں 40 فلسطینی شہید اور 60 سے زائد زخمی ہوئے جب کہ متعدد افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
عینی شاہدین نے بی بی سی کو بتایا کہ آدھی رات کے کچھ دیر بعد الماواسی کے علاقے میں بڑے دھماکے ہوئے اور آگ کے شعلے آسمان کی طرف بلند ہوتے دیکھے جا سکتے ہیں۔حملے کی جگہ کے قریب رہنے والے ایک خیراتی رضاکار خالد محمود نے بتایا کہ وہ اور دیگر رضاکار مدد کے لیے پہنچ گئے لیکن تباہی کے پیمانے پر دنگ رہ گئے۔محمود نے کہا کہ حملوں سے سات میٹر گہرے تین گڑھے بن گئے جن کے نیچے 20 سے زائد خیمے دب گئے۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کے طیاروں نے خان یونس میں حماس کے جنگجوؤں کے ایک آپریشن سینٹر کو نشانہ بنایا ہے۔