اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اسرائیلی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی حکومت نے غزہ پر تازہ فضائی حملوں سے قبل امریکی انتظامیہ کو پیشگی طور پر آگاہ کیا تھا۔
تاہم امریکی حکومت نے تاحال اس اطلاع کی نہ تو تصدیق کی ہے اور نہ ہی تردید۔ رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو کے حکم کے بعد **صیہونی فوج نے غزہ کے مختلف علاقوں پر حملے کیے ،جن میں ایک میزائل الشفا اسپتال کے عقب میں جا گرا۔ اسپتال کے قریب دھماکے سے مریضوں، ڈاکٹرز اور طبی عملے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق تازہ اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 20 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوئے۔غزہ کے مقامی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے اکتوبر 10 کے جنگ بندی معاہدے کے بعد اب تک 125 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے، جن کے نتیجے میں 94 فلسطینی شہری شہید ہو چکے ہیں۔
یاد رہے کہ 10 اکتوبر 2025 کو اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا تھا، جسے 13 اکتوبر کو مصر کے شہر شرم الشیخ میں باضابطہ طور پر دستخط کیا گیا۔یہ معاہدہ امریکہ، مصر، قطر اور ترکی کی مشترکہ کوششوں سے ممکن ہوا تھا۔تاہم صرف چند دن بعد ہی اسرائیلی فوج نے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دوبارہ غزہ پر حملے شروع کر دیے۔غزہ کے سرکاری میڈیا کے مطابق، اسرائیلی فضائی حملوں سے درجنوں عمارتیں تباہ، بجلی اور مواصلاتی نظام متاثر ہو گئے ہیں، جبکہ **شہری آبادی میں شدید خوف اور عدم تحفظ کی فضا قائم ہے۔عرب ذرائع کا کہنا ہے کہ حملوں سے قبل اسرائیل نے امریکی انتظامیہ کو اطلاع دی تھی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ کو غزہ پر کارروائی کی پیشگی معلومات حاصل تھیں تاہم امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے اس معاملے پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔