اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ نگراں وزیراعظم انورلحق کاکڑ 17 اور 18 اکتوبر کو چین کا انتہائی اہم دورہ کر رہے ہیں، وہ چین کے صدر شی جن پنگ کی دعوت پر تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کریں گے۔ بیجنگ میں بی آر آئی کے اہم فورم سے خطاب کرتے ہوئے وہ وفود کو تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے پاکستان کے وژن سے آگاہ کریں گے۔
نگران وزیر خارجہ نے فلسطین میں شہری آبادی پر اسرائیل کے حملوں اور غزہ کے محاصرے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین پر پاکستان اور سعودی عرب کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ او آئی سی کا خصوصی اجلاس 18 اکتوبر کو جدہ میں ہوگا، جس میں غزہ کے انسانی المیے پر غور کیا جائے گا اور جنگ بندی پر عمل درآمد پر غور کیا جائے گا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل بین الاقوامی قوانین کی پاسداری اور انسانی حقوق کے احترام کو یقینی بنائے اور فلسطین سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں کا احترام کرے، اسرائیل 6 دہائیوں سے زائد عرصے سے فلسطینیوں پر مظالم ڈھا رہا ہے۔
جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ حالیہ حملے میں بھی اسرائیل نے جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہری آبادی پر گولہ باری کی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں بے گناہ لوگ شہید ہوئے۔ غزہ میں پانی، خوراک، بجلی یا علاج معالجہ نہیں ہے۔ یہ ایک انسانی بحران ہے، یہ اسرائیل کی طرف سے فلسطینیوں کی نسل کشی ہے، ہم فلسطین کو فوری امداد بھیجنے کے لیے تیار ہیں۔
248