اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اسرائیل نے انکشاف کیا ہے کہ وہ سعودی عرب کے لیے ممکنہ براہ راست حج پروازوں کے لیے بات چیت کر رہا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کے وزیر خارجہ ایلی کوہن نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سعودی عرب کو براہ راست حج پروازوں کے لیے درخواست جمع کرادی گئی ہے۔
اسرائیلی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ یہ معاملہ ابھی زیر بحث ہے اور میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ اس میں کوئی پیش رفت ہوئی ہے یا نہیں تاہم میں سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے بہت پر امید ہوں۔
اگر سعودی عرب کو حج کے لیے اسرائیل کے لیے براہ راست پروازوں کی اجازت مل جاتی ہے تو یہ پروازیں اگلے ماہ جون سے اگست تک چلیں گی اور اس سے اسرائیل میں مقیم 18 فیصد مسلم آبادی کو فائدہ پہنچے گا۔
یاد رہے کہ اسرائیل کے سابق وزیر اعظم یائر لاپڈ نے بھی گزشتہ سال سعودی عرب سے براہ راست حج پروازوں کی درخواست کی تھی جب کہ ایک امریکی اہلکار نے بھی نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر رائٹرز کو بتایا تھا کہ اسرائیل کو شاید براہ راست پروازوں کی اجازت دی جائے گی۔
تاہم جب رابطہ کیا گیا تو سعودی عرب نے حج پروازوں کے لیے اسرائیل کی درخواست پر براہ راست تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔واضح رہے کہ اسرائیل اور فلسطین کے مسلمان اس وقت تیسرے فریق ممالک کے ذریعے مکہ جاتے ہیں جس کی وجہ سے اضافی اخراجات اور تکلیف ہوتی ہے۔