اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اسرائیل نے اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی انروا کو اپنا کام بند کرنے کا حکم دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی مندوب نے منگل کے روز کہا کہ انروا اسرائیل میں اپنا کام 48 گھنٹوں کے اندر بند کر دے، اسرائیل انروا کے ساتھ تمام مواصلاتی تعاون اور رابطے ختم کر دے گا۔اسرائیلی مندوب نے کہا کہ ہم انرواکے لیے کام کرنے والوں کے ساتھ تعاون اور رابطے بھی ختم کریں گے۔خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی پارلیمنٹ نے گزشتہ سال انرواپر حماس سے روابط کا الزام لگاتے ہوئے اسے غیر قانونی قرار دیا تھا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انرواپر اسرائیل میں کام کرنے پر پابندی لگانے والا قانون اگلے دو دنوں میں نافذ العمل ہونے والا ہے۔اسرائیل نے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے UNRWA پر پابندی عائد کر دی۔
دوسری جانب پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں یو این آر ڈبلیو اے کو ختم کرنے کے خطرات سے خبردار کیا۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے سفیر منیر اکرم نے کہا کہ اسرائیل کے مسلسل اقدامات عالمی برادری کی توہین ہیں۔ انرواکو کام کرنے سے روکنا غزہ کی بحالی اور سیاسی منتقلی کے کسی بھی امکان کو ختم کر دے گا۔
انہوں نے کہا کہ انروا لاکھوں فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے امید کی کرن ہے۔ اقوام متحدہ کے رکن ریاست کے طور پر، اسرائیل انرواکے کام کی حمایت کرنے کا پابند ہے۔ اسرائیل، ایک قابض طاقت کے طور پر، اقوام متحدہ کی کسی بھی سہولت کو بند کرنے کا کوئی حق نہیں رکھتا۔