اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اسرائیل کے سرکاری میڈیا کی جانب سے جنگ بندی کی تجویز کا مسودہ جاری کیا گیا ہے جس میں اسرائیل اور لبنان سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا گیا ہے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق 60 روزہ جنگ بندی کے دوران مکمل عملدرآمد کو حتمی شکل دی جائے گی۔اسرائیل جنگ بندی کے 7 دن کے اندر لبنان سے اپنی افواج نکال لے گا، اسرائیلی افواج کے انخلا کے بعد لبنانی افواج کی تعیناتی شروع ہو جائے گی۔
نگراں لبنانی وزیر اعظم نجیب مکاتی نے امید ظاہر کی ہے کہ جنگ بندی ہو جائے گی۔وائٹ ہاؤس نے جنگ بندی کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل لبنان جنگ بندی کے حوالے سے رپورٹس اور مسودے زیر گردش ہیں لیکن وہ مذاکرات کی عکاسی نہیں کرتے۔اطلاعات کے مطابق اسرائیل بھاری جانی نقصان کی وجہ سے حزب اللہ کو دریائے لطانی سے دور دھکیلنے سے دستبردار ہو رہا ہے۔ فلسطینی میڈیا کا کہنا ہے کہ رواں ماہ لبنان اور غزہ میں حماس اور حزب اللہ کے ہاتھوں 62 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔