اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اسلامی کانفرنس تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہ کا کہنا ہے کہ غزہ کی صورتحال پر اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرانے کی اشد ضرورت ہے۔او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا 50 واں اجلاس کیمرون میں منعقد ہوا۔ ملاقات میں سیکرٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے پاکستانی وفد کی قیادت کی، او آئی سی میں پاکستان کے مستقل نمائندے سید محمد فواد شیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اجلاس میں او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ نے کہا کہ اسرائیل کو غزہ کی پٹی کی صورتحال پر جوابدہ ہونے کی ضرورت ہے۔او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے تنظیم کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔سیکرٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے کہا کہ پاکستان کو مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی اسرائیلی مہم جوئی پر گہری تشویش ہے، عالمی برادری اسرائیل کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں کارروائیوں سے فوری طور پر روکے۔