اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) غزہ میں اسرائیل کے تازہ فضائی حملوں میں کم از کم 50 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے نصرت پناہ گزین کیمپ میں اسکول پر حملہ کیا جس میں 23 فلسطینی شہید ہوگئے۔اسرائیل نے خان یونس میں بھی بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر بمباری کی جس میں بچوں سمیت 17 فلسطینی شہید ہوگئے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ دونوں حملوں میں فلسطینی مسلح گروپوں کے ارکان کو نشانہ بنایا گیا اور وہ شہریوں کی ہلاکتوں کی رپورٹس کی تحقیقات کر رہی ہے۔اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ حماس کے عسکری ونگ کی نصف قیادت ماری جا چکی ہے اور غزہ میں نو ماہ کے اسرائیلی فضائی حملوں اور زمینی کارروائیوں کے دوران تقریباً 14000 دہشت گرد ہلاک یا پکڑے گئے ہیں۔اس کے علاوہ اسرائیلی فوج نے غزہ کے واحد کینسر ہسپتال کو اپنا فوجی اڈہ بنا لیا ہے۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک غزہ میں 38 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین ہیں۔