اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اسرائیلی فوج نے خان یونس میں تیسری بار آپریشن شروع کیا۔ مشرقی علاقے میں بے گھر فلسطینیوں کی رہائشی عمارتوں اور خیموں پر بمباری سے 70 بے گناہ فلسطینی شہید اور 200 سے زائد زخمی ہوئے۔اسرائیلی فورسز نے لاکھوں بے گھر فلسطینیوں کو ایک بار پھر جبری بے دخل کرنے کا حکم دے دیا جب کہ غزہ کے دیگر علاقوں میں صیہونی افواج کے حملے جاری ہیں۔ غزہ شہر میں اقوام متحدہ کے امدادی ادارے کا قافلہ بھی اسرائیل کے حملے کی زد میں آگیا۔ادھر غزہ میں مزید 2 اسرائیلی یرغمالی مارے گئے، اسرائیلی فوج نے یرغمالیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی، غزہ میں دستی بم کے دھماکے میں ایک اسرائیلی فوجی اہلکار ہلاک ہوگیا۔
دوسری جانب لبنان سے تعلق رکھنے والی حزب اللہ نے ڈرون حملوں سے اسرائیلی فوجی بنکروں کو نشانہ بنایا۔اسرائیلی کابینہ نے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے UNRWA کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے بل کی منظوری دے دی ہے۔ادھر اسرائیل جنگ بندی مذاکرات کے لیے جمعرات کو اپنا وفد مصر بھیجے گا۔واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری جنگ میں فلسطینی شہداء کی کل تعداد 39 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف سے زائد صرف بچے اور خواتین ہیں جب کہ لاکھوں افراد بے گھر ہو کر خیموں میں رہنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔