اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اسرائیل نے غزہ کے علاقے نصیرات میں پناہ گزینوں کے کیمپ پر بمباری کی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 33 فلسطینی شہید ہوگئے۔
حملے میں 50 سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں جب کہ غزہ شہر کے مزید علاقوں سے انخلاء کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔اس کے علاوہ اسرائیل نے لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک شہری کو ہلاک کیا اور اسرائیل نے حزب اللہ کے ایک رکن کو نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی کیا۔دوسری جانب نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ کے تنازع کو حل کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو جانتے ہیں کہ نئی امریکی انتظامیہ جنگ کا خاتمہ چاہتی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ سال سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 44 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔