اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت کا سلسلہ جاری ہے، تازہ ترین حملوں میں مزید 68 فلسطینی شہید ہو گئے۔
اتوار کو اسرائیل نے شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ میں ایک مہاجر اسکول پر بمباری کی۔اس کے علاوہ غزہ میں امداد کے منتظر فلسطینیوں پر بھی حملہ کیا گیا۔ اتوار کو اسرائیلی حملوں میں کل 68 فلسطینی شہید ہوئے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے ایران کے ساتھ جنگ بندی کے بعد غزہ میں ایک بڑے آپریشن کی تیاری کرتے ہوئے شمالی غزہ کے گنجان آباد علاقوں کو فوری طور پر خالی کرانے کا حکم دیا۔اتوار کو اسرائیلی فوج کے ترجمان کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مشرقی زیتون، طفہ، داراج، صابرہ، جبالیہ البلاد، جبالیہ کیمپ اور تل الزطر سمیت کل 17 علاقوں کے رہائشیوں کو فوری طور پر وہاں منتقل ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ فوجی کارروائیاں مزید تیز ہو جائیں گی اور اگر ان علاقوں کو فوری طور پر خالی نہ کرایا گیا تو رہائشیوں کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔اسرائیلی فوج نے یہ اشارہ بھی دیا ہے کہ وہ شمالی غزہ میں اپنا آپریشن مکمل کرنے کے بعد اپنے آپریشن کو وسطی علاقوں تک بڑھا دے گی۔واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے اسرائیلی فوج نے غزہ پر اپنے بے رحمانہ حملے جاری رکھے ہوئے ہیں جس میں اب تک خواتین اور بچوں سمیت 56 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔