غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فورسز کے حملوں کا سلسلہ جاری ہے، رفح میں رہائشی عمارتوں پر بے رحمانہ بمباری کے نتیجے میں 4 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں, درجنوں زخمی اور 15 لاپتہ ہیں. ایک ڈاکٹر کے گھر کو نشانہ بنایا گیا جو بہت سے بے گھر فلسطینیوں کو پناہ دے رہا تھا.
اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے رفح میں ابو ڈبہ اور عاشور خاندانوں کے گھروں کو بھی نشانہ بنایا جس میں 25 افراد شہید ہوئے
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق خان یونس میں الجزیرہ ٹی وی کے کیمرہ مین سمیت 2 صحافیوں کو شہید کر دیا گیا, الجزیرہ کے کیمرہ مین ثمر ابو دقہ اور فلسطینی نیوز پریس ایجنسی کے رامے بدیر کو ان کی کوریج کے دوران براہ راست ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا.
صحافیوں کی شہادت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے صحافیوں کے تحفظ کی کمیٹی کے کارلوس مارٹینز ڈی لا سرنا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غزہ میں صحافیوں کے قتل عام کے خلاف آواز اٹھائیں,
صحافیوں کی شہادت کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (IFJ) نے کہا کہ اسرائیلی فورسز کی کارروائیوں میں شہید ہونے والے صحافیوں کی تعداد تشویشناک حد تک بڑھ گئی ہے
اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیل ہگاری نے اعتراف کیا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کو گولی مار کر حماس کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں, ہلاک ہونے والوں میں دو اسرائیلی فوجی اور ایک شہری بھی شامل ہے.