اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اسرائیلی افواج کی غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے ، مزید 95 فلسطینی شہید
مصروف بازار اور پانی کی تقسیم کے مرکز پر کیے گئے فضائی حملوں میں کم از کم 95 فلسطینی شہید ہو گئے، جن میں 10 بچے بھی شامل ہیں۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق، غزہ میں جاری اسرائیلی جنگ کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 58,026 ہو چکی ہے، جن میں سے زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں، جبکہ زخمیوں کی تعداد 138,500 سے تجاوز کر چکی ہے۔مرکزی نُصرت کیمپ میں ایک پانی جمع کرنے کے مقام پر اسرائیلی میزائل حملے میں کم از کم 10 بچے اس وقت شہید ہوئے جب وہ پینے کے پانی کے حصول کے لیے قطار میں کھڑے تھے۔ اس حملے میں 17 افراد زخمی بھی ہوئے۔
اسرائیلی فوج نے اس حملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ نشانہ ایک فلسطینی جنگجو تھا، تاہم میزائل "تکنیکی خرابی” کے باعث ہدف سے ہٹ گیا۔ یہ دعویٰ آزاد ذرائع سے تصدیق شدہ نہیں ہے۔اسی روز غزہ شہر کے بازار پر کیے گئے ایک اور حملے میں 17 فلسطینی جاں بحق ہو گئے، جن میں معروف معالج ڈاکٹر احمد قندیل بھی شامل ہیں۔اسرائیلی ناکہ بندی کے باعث غزہ میں پانی صاف کرنے اور نکاسی آب کے بیشتر نظام بند ہو چکے ہیں، جس کے نتیجے میں شہریوں کو محفوظ پانی کے حصول کے لیے خطرناک سفر کرنا پڑ رہا ہے۔اقوام متحدہ کی ایجنسی یو این آر ڈبلیو اے کے مطابق، جاری جنگ اور ناکہ بندی نے غزہ کے 21 لاکھ باشندوں کو قحط کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ اتوار کے روز ایجنسی نے ایک اور شیر خوار بچے کی قلّتِ غذا کے باعث موت کی تصدیق کی ہے۔