اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) شام کے دارالحکومت دمشق میں اسرائیلی میزائل حملے میں ایک عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور 10 سے زائد زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل نے مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں سے شام میں ایران کے ثقافتی مرکز کو فضائی میزائل حملے میں نشانہ بنایا، جس میں قریبی عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی
شام کے سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملے میں 15 افراد زخمی اور 5 ہلاک ہوئے جب کہ سیریئن آبزرویٹری کے مطابق اس حملے میں 15 افراد ہلاک اور 10 سے زائد زخمی ہوئے۔
جس علاقے میں یہ حملہ ہوا وہاں بڑی تعداد میں سرکاری فوج اور عمارتیں ہونے کی وجہ سے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے اور ممکنہ طور پر ایک سرکاری عمارت کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
اسرائیل نے اس سے قبل شام میں ایران کے ٹھکانوں اور تنصیبات کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی تھی اور آئی آر جی سی کے ہتھیاروں اور تربیتی تنصیبات پر حملہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ جنگ زدہ شام میں 6 فروری کو خوفناک زلزلہ آیا تھا۔ترکی اور شام میں زلزلے سے 46 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں سے شام میں 5 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔