اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان کشید گی میں اضافہ ،امریکہ نے بھی اسرائیل سے اتفاق کیا اور مقبوضہ گولان میں ہونے والے دھماکے کا ذمہ دار حزب اللہ کو ٹھہرایا۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ امریکہ اسرائیل کی سلامتی کی مکمل حمایت کرتا ہے اور حملے کے بعد اسرائیلی اور لبنانی حکام سے رابطے میں ہے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے بیروت پر حملے کی تیاری کر رکھی ہے۔عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی سکیورٹی کابینہ کے اجلاس میں نیتن یاہو اور وزیر دفاع کو مقبوضہ گولان حملے کے جواب میں لبنان میں حزب اللہ کے خلاف راکٹ حملے کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ کابینہ کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج لبنان میں حزب اللہ کے خلاف محدود لیکن سخت کارروائی کرے گی۔دوسری جانب ایران نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی نئے مہم جوئی سے باز رہے جبکہ حزب اللہ نے گولان پر حملے کے اسرائیلی الزامات کو مسترد کر دیا۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنانی نے کہا کہ صہیونی حکومت کے لبنان پر حملے جیسی غیر ذمہ دارانہ مہم جوئی خطے میں جنگ اور عدم استحکام کے دائرہ کار میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔حزب اللہ نے گولان حملے کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔لبنان کے ڈپٹی پارلیمانی سپیکر کا کہنا ہے کہ ہم جنگ نہیں چاہتے اور نہ ہی حزب اللہ گولان کے شہر مجدل شمس پر بم حملے میں دلچسپی رکھتی ہے۔عرب ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ثالث ہمارے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور ہم تنازعات کو پھیلنے سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
دوسری جانب امریکی سفیر آموس ہوچسٹین نے کہا کہ وہ اسرائیلی مشکلات کو سمجھتے ہیں، لبنان متحد ہے اور اگر اسرائیل اپنے حملوں کو پھیلانے کے لیے اقدامات کرتا ہے تو لبنان مزید متحد ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو یہ سمجھنا چاہیے کہ اس کے شہری جنگ کی وجہ سے شمالی شہروں میں اپنے گھروں کو واپس نہیں جا سکتے۔عرب ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ نے گولان حملے کے جواب میں اسرائیلی کارروائیوں کے پیش نظر جنوبی اور مشرقی لبنان میں اسرائیلی حملوں کے ممکنہ اہداف کو خالی کر دیا ہے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے بھی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور فریقین سے تحمل کا مطالبہ کیا ہے۔واضح رہے کہ مقبوضہ گولان میں اسرائیلی تنصیبات پر راکٹ حملے میں 10 اسرائیلی مارے گئے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق مقبوضہ گولان کے گاؤں مجدل شمس پر 40 میزائل داغے گئے لیکن اسرائیلی دفاعی نظام میزائلوں کو روکنے میں ناکام رہا۔