اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) غزہ میں اسرائیل کی بربریت کا سلسلہ تا حال نہ رک سکا ، سیکڑوں اسرائیلی فوجیوں نے غزہ میں ڈیوٹی کرنے سے انکار کر دیا۔130 سے زائد اسرائیلی فوجیوں نے آرمی چیف کو کھلا خط لکھ کر غزہ میں جنگ بندی تک اپنی ڈیوٹی سرانجام نہ دینے پر معذرت کی ہے۔فوجی حکام نے دلیل دی ہے کہ غزہ میں جنگ کے باعث یرغمالیوں کی واپسی میں تاخیر ہو رہی ہے، اسرائیلی فوجی حملوں میں بہت سے یرغمالی مارے گئے ہیں۔ یاد رہے وسطی غزہ اور اس کے گردونواح میں صیہونی فورسز کی شیلنگ اور ڈرون حملے جاری، 24 گھنٹوں میں مزید 45 فلسطینی شہید اور 130 سے زائد زخمی ہوگئے۔معصوم فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کم نہ ہوسکے۔
اسرائیلی فضائیہ نے شجاعیہ محلے میں حملہ کیا جس میں ایک ہی خاندان کے 9 افراد شہید، ناصرات پناہ گزین کیمپ پر حملے میں 2 بچوں سمیت 4 افراد شہید ہوئے، ایک ہی خاندان کے 4 افراد کو خیمے میں گھس کر شہید کیا گیا۔صیہونی فوج کی بمباری سے شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 42 ہزار 12 تک پہنچ گئی، 97 ہزار 720 فلسطینی زخمی ہو گئے، قابض اسرائیلی فوج نے انخلا کے نئے احکامات کے پیش نظر شمالی غزہ میں ایک بار پھر زمینی کارروائی شروع کر دی ہے۔ کمال عدوان کو ہسپتال خالی کرا لیا گیا۔